Home / عمومی / ہمارے معاشرے میں ایک عورت کے بائک چلانے کو معیوب کیوں سمجھا جاتا ہے

ہمارے معاشرے میں ایک عورت کے بائک چلانے کو معیوب کیوں سمجھا جاتا ہے

ہمارے معاشرے میں ایک عورت کے بائک چلانے کو معیوب سمجھا جاتا ہے۔  بائک چلانا تو بعد میں آتا ہے ۔۔۔ اگر لڑکی بائک پر صرف اس طرح بیٹھ ہی جائے جس طرح کوئی انسان گدھے پر سوار ہوتا ہے یعنی جس طرح مرد بائک پر بیٹھتے ہیں ۔۔۔ اسے بھی معیوب سمجھا جاتا ہے ۔۔۔ پتا نہیں کیوں ۔۔۔

کیا اسلئے کہ عورت ٹانگیں کھول کر سواری پر سوار ہوئی ہے تو یہ غیر مہذب طریقہ ہے؟ اس میں کیا غلط ہے؟ بائک کی ایک طرف دونوں پاؤں کرکے بیٹھنا مہذب اور مردوں کی طرح بیٹھنا غیر مہذب کیوں؟

جبکہ اسلام کی آمد کے بعد بھی خواتین اونٹ، گھوڑوں اور گدھوں پر سوار ہوتی تھیں تو آج کیا مسئلہ ہے؟

کیا بے پردگی کا ڈر ہے؟ کیسی بے پردگی؟ جب چودہ سو سال پہلے خواتین اونٹ اور گھوڑے پر سفر کرسکتی تھیں اور با پردہ بھی رہ سکتی تھیں تو ویسی ہی سواری پر آج کیا مسائل آگئے پردے کے؟ اگر مسائل ہیں تو یقیناََ ہماری حجاب کی سمجھ میں کوئی نقص ہے ۔۔۔

حجاب کے بعد دوسرا مسئلہ سیفٹی کا آتا ہے ۔۔۔ کہ بائک چلانا کسی خاتون کے لئے محفوظ ہے یا نہیں ۔۔۔ بس حجاب اس طرح کرنا ہے کہ کپڑا ٹائر یا چین میں نہ آئے باقی سب کچھ عورت کے لئے ویسا ہی ہے جیسا مرد کے لئے ۔۔۔ اگر عورت کے لئے نقصان دہ ہے تو یقینا مرد کے لئے بھی ہوگا ۔۔۔ مردوں کو بھی پھر اتارا جائے بائکس پر سے ۔۔۔۔

دین کی طرف سے کوئی ممانعت نہیں ہے کسی خاتون کے بائک چلانے میں اور دنیاوی اعتبار سے بھی یہ سواری عورت کے لئے محفوظ ثابت ہوسکتی ہے اگر لاپرواہی نہ کی جائے ۔۔۔

بس میں سفر کرنے والی خواتین ( خاص طور پر جوان لڑکیوں ) کو کیا کیا مسائل پیش آتے ہیں بس میں یہ وہ ہی جانتی ہیں ۔۔۔ کب پیچھے سے ہاتھ آکر آپکی بہن بیٹی کے جسم کو ٹچ کرنے لگیں ۔۔۔ کیا یہ بات برداشت ہے؟

یا کراچی کی سڑکوں پر چلتے چنگچی ۔۔۔ جہاں لڑکا لڑکی بلکل آمنے سامنے گھٹنے سے گھٹنا ملائے بیٹھے ہوتے ہیں ۔۔۔ یہ ٹھیک ہے؟ یہ مہذب ہے؟ اس میں شرعی پردہ ہورہا ہے؟

خواتین کے لئے بائک چلانا کوئی مشکل کام نہیں ۔۔۔ آجکل نابالغ بچے بھی بائک چلارہے ہوتے ہیں جنکے پاؤں بھی زمین پر نہیں پہنچتے ۔۔۔ اور اُن ضعیف حضرات کو بھی نہ بھولیں جو بیچارے ہلکی سی ٹکر پر اس دنیا سے رخصت ہوجائیں ۔۔۔ تو کسی جوان خاتون کے لئے ایسا کرنے میں کیا دشواری ۔۔۔

آج کے دور میں بائکس کے بھی مختلف ماڈلز ہوتے ہیں ۔۔۔ عورتوں کے لئے تو خاص طور پر سکوٹی بھی آتی ہے ۔۔۔ پھر کیا مسئلہ ہے؟

اور اگر کوئی جانی نقصان قسمت میں لکھا ہے تو وہ کسی بھی طرح گھر کی چار دیواری کے اندر بھی پہنچ جائے گا ۔۔۔ وہ نقصان روڈ پر بائک کے چلنے کا محتاج نہیں ۔۔۔

اگر ضرورت محسوس کریں تو عورتوں کو شرعی پردے میں بائک چلانا سکھا دیں اور لوگوں کی قائم کردہ غیر شرعی حدودوں کو توڑیں ۔۔۔ لوگ عورتوں کو اگر وہ آزادی نہیں دینگے جسکی وہ مستحق ہیں تو وہ آہستہ آہستہ فیمنزم کی طرف جائیں گی جو بالکل اچھا نہیں کسی کے لئے بھی ۔۔۔

About منامل شاکر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *