Home / فلکیات / انفرا ریڈ میں سیمبریرو کہکشاں

انفرا ریڈ میں سیمبریرو کہکشاں

لفظوں کی وضاحت

سیمبریرو (Sombrero)

یہ ایک ہسپانوی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہوتا ہے چھاؤں کرنے والا۔ لیکن یہ لفظ ایک خاص قسم کے بڑے سارے چھاتے والے ہیٹ کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے جو لوگ مکیسیکو اور امریکہ کے بعض علاقوں میں عموماً دھوپ کی شدت سے بچنے کے لئے استعمال کرتے ہیں, نیچے اس کی تصویر دی گئی ہے۔

تصویر کی وضاحت

یہ لہراتا ہوا چھلا پوری کہکشاں کے سائیز کا ہے، در حقیقت یہ ایک کہکشاں ہے یا کم ازکم کہکشاں کا ایک حصہ ضرور ہے۔ یہ بہت ہی خوبصورت سیمبریرو کہکشاں ہے جس کو میکسیکن ہیٹ سے مشاہبت کی وجہ سے سیمبریرو کہکشاں کہا جاتا ہے۔ یہ ہمارے کہکشاؤں کے جھرمٹ کے ہمسائیے میں قریبی جھرمٹ “ورگو کلسٹر” کی ایک کہکشاں ہے۔

اس تصویر میں نظر آنے والا ایک ڈارک نارنجی رنگ کا گرد و غبار کا بینڈ سا ہے جو اس کہکشاں کے درمیانی حصے کو گویا ڈہکے ہوئے ہے لیکن یہ انفرا ریڈ روشنی میں دہک رہا ہے۔ یہ تصویر ڈجیٹلی شارپ کی گئی ہے اور یہ انفرریڈ میں دہکتے حصوں کو نارنجی رنگ میں دکھا رہی ہے یہ انفرمیشن زمین کے مدار میں سپیٹزرز اسپیس ٹیلی اسکوپ سے لی گئی معلومات کو اس کہکشاں کی ہبل ٹیلی اسکوپ سے لی گئی پہلے کی تصویر پر ڈال کے جعلی رنگوں میں بنائی گئی ہے تاکہ عوام کو اس کو سمجھنے میں آسانی ہو۔ اس کہکشاں کی اصل تصویر بھی نیچے دی گئی ہے۔

سیمبریرو کہکشاں کوئی 50،000 نوری برس طول عرض میں پھیلی ہے اور ہم سے کوئی 28 ملین نوری برس دور ہے اس کو ایم-104 بھی کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہوا کہ آپ محنت کرکے اس کو خالی آنکھ یا چھوٹی سے دوربین سے ورگو برج کی سمت میں دیکھ بھی سکتے ہیں۔

 

ورگو کلسٹر

ورگو کلسٹر کی اہمیت
ورگو کلسٹر کہکشاؤں ایک بہت بڑا جھرمٹ ہے جو ہم سے کم و بیش 60 ملین نوری سال تک پھیلا ہوا ہے اس میں کم و بیش ایک ہزار تین سو مختلف کہکشائیں ہیں، ہماری کہکشاں ملکی وے جس جھرمٹ میں ہے اسکا بہت ہی غیر رومانوی سا نام ہے “لوکل جھرمٹ” جس میں کوئی 54 کہکشائیں ہیں لیکن ورگو جھرمٹ میں 1300 کہکشائیں آباد ہیں۔ کہکشاؤں کے جھرمٹ مل کے ایک عظیم الشان جھرمٹ تشکیل دیتے ہیں جس کو سُپر کلسٹر کہتے ہمارا لوکل گروپ اس سُپر کلسٹر کے باہری کناروں پر ہے اور اس سُپر کلسٹر کو ورگو سُپر کلسٹر کہتے ہیں۔

ورگو کلسٹر کی تاریخی اہمیت یہ ہے کہ ورگو کلسٹر کی کہکشاؤں کے مطالعے سے فرٹز زوکی نامی ایک سڑیل سائینسدان نے ڈارک میٹر کا کھوج لگایا تھا۔ فرٹز زوکی ایک شاندار سائینسدان تھا اور نت نئی گالیاں دینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا اور کسی کے ساتھ مل کے کام کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا۔ فرٹز زوکی نے ڈارک میٹر کے علاوہ نیوٹران ستاروں کے وجود کی بھی پیشین گوئی کی تھی۔

 

تصویر کی ذاتی اہمیت 
یہ تصویر مجھے ذاتی طور پر بہت پسند ہے اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ میرے دور حاضر کے پسندیدہ کمپیوٹر سائینسندان “رابرٹ سی مارٹن ” کی مشہور کتاب
(Clean Code: (Robert C. Martin

کے ٹائیٹل پر اس کہکشاں کی تصویر ہے اگر آپ کبھی ان کے لیکچرز اٹینڈ کریں تو ہمیشہ پہلے پانچ دس منٹ فلکیات کے کسی ایک پہلو پر بات سے اپنے لیکچر کو شروع کرتے ہیں۔ اگر آپ میں سے کوئی کمپیوٹر سائینس کا طالب علم ہے تو ان کو اس کتاب کا تفصیل سے مطالعہ ضرور کرنا چاہئے اور ساتھ ساتھ فلیکیات میں بھی دلچسپی جاری رکھیں
.

ترجمہ اور وضاحت۔ جرار جعفری 
————

Original post:

https://apod.nasa.gov/apod/ap190101.html

Image Credit: R. Kennicutt (Steward Obs.) et al., SSC, JPL, Caltech, NASA

About جرار جعفری

تعبیر ہے جس کی حسرت و غم اے ہم نفسو وہ خواب ہیں ہم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *